اسیکس.... یہاں ایلفورڈ کے علاقے میں ایک پٹرول پمپ پر ایک شخص نے اپنی گاڑی کھڑی کی اور وہیں لگی ایک اے ٹی ایم سے رقم نکالنے گیا تاکہ پٹرول بھروا سکے اور گاڑی کی سروسنگ کروالے مگر جب وہ رقم لیکر آیا تو اس کی گاڑی پر ٹریفک پولیس کی جانب سے کاٹا گیا چالان موجود تھا۔ وہ صورتحال دیکھ کر حیران رہ گیا۔ 42سالہ شخص ایرکان اوسپمبے نے کہا کہ اس نے اس قسم کے چالان کی بات نہ ہی پہلے دیکھی نہ سنی۔ دوسرے ڈرائیور جو پٹرول بھروانے کیلئے وہاں کھڑے تھے وہ بھی یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے۔ یہ واقعہ ایلفورڈ کے شیل گیراج میں پیش آیا۔ لوگوں کا کہناہے کہ کار کا مالک صرف 2منٹ کیلئے کار سے اتر کر اے ٹی ایم تک گیا تھا تاہم اتنی دیر میں اس پر جرمانہ ہوچکا تھا۔ مسئلہ یہیں پر ختم نہیں ہوا بلکہ جب وہ گھر پہنچا تو اسے بذریعہ ڈاک بھی اس چالان کی نقل ملی۔ ایرکان نے صورتحال پر ٹریفک پولیس سے احتجاج کیا ہے اور اپیل کی ہے کہ اس پر سے جرمانہ ختم کیا جائے۔پٹرول اسٹیشن کا کہناہے کہ انکا پرانا قانون ہے کہ اگر کوئی گاڑی چھوڑ کر جائیگا تو اسکا چالان ہوگا تاہم ایرکان اسے ناانصافی قرار دے رہا ہے۔