Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی ایس جے ای ایس میں70 ویں جشن آزادی کی تقریب

آئیے عہد کریں کہ ہم قائد اعظم کے زریں اصولوں کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں گے ، پرنسپل عدنان ناصر 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان انٹرنیشنل اسکول ، انگلش سیکشن میں یوم آزادی کے موقع پرتقریب کا انعقاد کیا گیا۔اسکول کو پاکستانی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایاگیاتھا ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ،بعد ازاں پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے۔تقریب کی مہمان خصوصی شاہ عبدالعزیز یونیورسٹی میں تعلیمی امور کی سربراہ ڈاکٹر حنان اسماعیل تھیں۔ اسکول کے طلبہ و طالبات ،اساتذہ کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی چیدہ چیدہ شخصیات نے شرکت کی ۔طلبہ و طالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کئے جن کو بے حد پذیرائی ملی۔ اسکول کے پرنسپل عدنان ناصرنے جشن آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 14اگست کا دن آزاد و خود مختار پاکستان کی اہمیت اور سبز ہلالی پرچم کی عظمت و وقار کے اعتراف کا دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج اس پر مسرت موقع پر پی آئی ایس جے، ای ایس اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے طلبہ و طالبات کی تربیت اس انداز میںکرتا رہے گاکہ وہ قوم کےلئے باعث افتخار ثابت ہوں ۔ بلا شبہ نوجوان ہی کسی بھی ملک کے معمار ہوتے ہیںجو مستقبل میں اہم ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں۔ پرنسپل نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ اپنی تمام تر توجہ حصولِ علم پر مرکوز رکھیں کیونکہ زیورِ علم سے آراستہ ہو کر ہی آپ درپیش مسائل کا مقابلہ کرنے نیزپاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی جانب گامزن کرنے کی راہ ہموار کر سکیں گے ۔ آئیے عہد کریں کہ ہم قائد اعظم کے زریں اصولوں: ایمان، اتحاد اور یقین محکم کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیںگے۔ آج کی یہ شام شہدائے وطن کے نام کرتے ہوئے مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے ۔ یہ شام ہر اس فرد کے نام بھی ہے جو محنت، ایمانداری اور جانفشانی کے ساتھ وطن کی خدمت کر رہا ہے اور اس کی آزادی کی حفاظت کر رہا ہے ۔ پی آئی ایس جے ، ای ایس ایک خاندان کی طرح ہے اور میں اس خاندان کے ہر رکن پر زور دیتا ہوں کہ وہ انفرادی سطح پر اپنی استطاعت کے مطابق ملک کی بہتری کےلئے کام کرے۔نسلِ نو کو علم و آگہی کی منتقلی کے ذمہ دار ہونے کے ناتے میں کمیونٹی کے تمام اراکین سے گزارش کرتا ہوںکہ وہ نسل نو کو زیورِ علم سے آراستہ کرنے کےلئے پی آئی ایس جے ، ای ایس کے ساتھ مل کر کام کریں۔ تقریب کے اختتام سے قبل پرنسپل نے شرکاءکے ساتھ ملکرکیک کاٹا۔اس موقع پر طلبا نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم تھام رکھے تھے ۔اسکول انتظامیہ نے تمام راہداریوں اور گراﺅنڈ کو خوبصورت پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایاگیا تھا جبکہ مہمانوں کے استقبال کےلئے طلباءکی جانب سے گل پاشی بھی کی جاتی رہی ۔ اسکول کی عمارت کو نہایت خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا جو منی پاکستان کا نقشہ پیش کرتا رہا۔ 

شیئر: