انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان
دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے اور یہ ٹورنامنٹ تیسری مرتبہ نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا۔آئی سی سی کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ کا11 واں ایڈیشن 13 جنوری سے 3 فروری 2018 تک نیوزی لینڈ میں منعقدہوگا جس میں 16 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور تمام میچز 7 مقامات پر کھیلے جائیں گے۔دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور مہمان نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا اور ایونٹ کے میچز کرائسٹ چرچ، کوئنز ٹاو¿ن، ٹورنگا اور ونگیرائی کے مختلف گراﺅنڈز اوراسٹیڈیمز میں میں ہوں گے ۔پاکستانی ٹیم ایونٹ کا پہلا میچ افغانستان کے خلاف 13 جنوری کو کھیلے گی،ایونٹ میں شامل 16 ٹیموں کو 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میںدفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور کینیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ بی میں تین مرتبہ چیمپئن رہنے والی ہندوستانی ٹیم کے علاوہ آسٹریلیا، زمبابوے اور اور پاپوا نیو گنی کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ گروپ سی میں انگلینڈ، بنگلہ دیش، کینیڈا اور نمیبیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔انڈر 19 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں دو مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرنے والی پاکستانی ٹیم سری لنکا، افغانستان اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے ساتھ گروپ ڈی میں شامل ہے۔آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوان اور با صلاحیت کرکٹرز کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور کرکٹ کے فروغ میں بنیادی کردار کا حامل ہے۔اس مرتبہ ہم پھر ایسے نوجوان اسٹارز کو ایکشن میں دیکھیں گے جو مستقبل قریب میں اپنی قومی ٹیموں کا حصہ بنیں گے۔انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلنے والے چار کپتان اس وقت اپنے اپنے ملک کی کرکٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیںان میں پاکستان کے سرفراز احمد، آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ، ہند کے ویرات کوہلی اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن شامل ہیں۔ٹورنامنٹ ڈائریکٹر برینڈن بورکے نے بتایا کہ یہ شائقین کے لئے اب تک کا سب سے قابل رسائی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ہوگا اور نیوزی لینڈ کے طول وعرض میں ہونے والے مقابلے بغیر ٹکٹ کے دیکھے جاسکیں گے۔