لاہور: عالمی شہرت یافتہ انٹرنیشنل باڈی بلڈرز فٹنس ایکسپو میں شرکت کیلئے لاہور پہنچ گئے۔لاہور میں پہلی بار منعقد ہونے والی 2روزہ فٹنس ایکسپو میں شرکت کےلئے 3 انٹرنیشنل باڈی بلڈرز پہنچے ہیں جن میں امریکہ سے تعلق رکھنے والے کائی گرین اور ایڈم پیز جبکہ برطانیہ کے عارف مرزا شامل ہیں۔ دو روزہ فٹنس ایکسپو میں شامل غیر ملکی باڈی بلڈز لاہور ائیرپورٹ پہنچے تو فٹنس ایکسپو کے منتظمین سلمان واہلہ اور نسیم قریشی نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تن ساز کائی گرین نے کہا کہ باڈی بلڈرز کی قوت بخش ادویات استعمال کرنے کے سخت خلاف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا ہے یہاں بہت پیار مل رہا ہے، جہاز سے باہر آنے کے بعد سے اب تک پاکستانیوں کی محبت قابل قدر ہے۔انہو ںنے کہا کہ ایکسپو میں ہونے والی نمائش مثبت سرگرمیوں کی جانب اچھا اقدام ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق انٹرنیشنل فٹبالرز کے بعد عالمی شہرت یافتہ باڈی بلڈرز کی آمد پاکستان میں عالمی کھیلوں کی بحالی کی جانب مثبت پیشرفت ہے جس کے ذریعے ملک کا تاثر بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل عالمی شہرت یافتہ فٹبالر رونالڈینیو کی قیادت میں عالمی شہرت یافتہ غیر ملکی فٹبالرز نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔