پروہت کی ضمانت سے مالیگاؤں غمزدہ
مالیگاؤں ۔۔۔۔بھکو چوک بم دھماکہ کے کلیدی ملزم کرنل پرساد پروہت کو بالآخر سپریم کورٹ نے ضمانت پر رہا کردیا۔ یہ خبر مالیگاؤں کے انصاف پسند شہریوں اور متاثرین دھماکہ کے سروں پر بجلی بن کر گری۔ اس سے قبل اسی کیس میں ہائیکورٹ نے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو بھی ضمانت دیدی تھی۔ بھکو چوک میں بلاسٹ کے مقام پر جمع عوام کے سامنے مالیگاؤں کے رکن اسمبلی آصف شیخ نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جب سے اقتدار میں آئی ہے مالیگاؤں بلاسٹ کے ملزمان کو یکے بعد دیگرے راحت ملتی جارہی ہے۔ اب تک 4ملزموں کو رہا کیا جاچکا ہے۔ سرکاری وکیل روہنی سالیان کے بیانات سے پتہ چلتا ہے کہ عدالت میں این آئی اے کے وکلا برائے نام کیس لڑکر صرف حجت تمام کررہے ہیں۔ سادھوی کیس کے بعد کرنل پروہت مقدمہ میں بھی این آئی اے وکلاء کی کارکردگی برائے نام رہی جس کا نتیجہ سامنے ہے۔