سیلاب متاثرین کیلئے 500کروڑ روپے امداد کا اعلان
پٹنہ۔۔۔۔۔وزیر اعظم نریندرمودی نے بہار کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا۔ سروے کے بعد انہوں نے ریاست کو 500کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا۔سیلاب میں مرنیوالوں کے لواحقین کو 2لاکھ جبکہ زخمیوں کو 50ہزار روپے وزیر اعظم ریلیف فنڈ سے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمارمودی کے علاوہ اعلیٰ حکام کے ساتھ سیلاب سے ہونیوالے نقصانات اور راحت و باز آبادکاری کے کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم مودی نے سیلاب زدہ علاقوں پورنیہ، ارریا، کشن گنج اور کٹیہار اضلاع کا45منٹ تک فضائی دورہ کیا ۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سیلاب سے ہونیوالے نقصانات کی تفصیلات پیش کیں۔۔وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ انشورنس کمپنیوں ، سڑک و ٹرانسپورٹ کی وزارت ،محکمہ بجلی وپانی کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں میں ضروریات زندگی کو بحال جلد سے جلد بحال کریں اور تباہ کاریوں کا جائزہ لیکر تفصیلات مرکز کور وانہ کریں۔بہار کے 19اضلاع کے 186شہر سیلاب کی زد میں ہیں جس سے ایک کروڑ 67لاکھ سے زائد آبادی متاثر ہوئی ہے۔ ابتک سیلاب سے ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 418تک پہنچ چکی ہے۔