Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حافظ ڈاکٹر عبدالکریم کا تقرر سی پیک منصوبے کی تکمیل یقینی بنائے گا،محمود لطیف

    ریاض(جاوید اقبال) سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سیکریٹری جنرل حافظ ڈاکٹر عبدالکریم کا بطور وفاقی وزیر مواصلات تقرر سی پیک منصوبہ کی بروقت تکمیل میں معاون ثابت ہوگا۔وہ حافظ ڈاکٹر عبدالکریم کی وفاقی کا بینہ میںشمولیت پر مرکزی جمعیت اہلحدیث ریاض کے زیراہتمام منعقدہ ایک تہنیتی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستانی عمائدین شہر کی ایک بڑی تعداد بھی مدعو تھی۔ محمود لطیف نے کہا کہ ہمیں خود احتسابی کے عمل سے نکل کر وطن میں ہونے والی پیشرفت پر بھی نظر ڈالنی چاہئے اور یہ کہ جب بھی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو سازشوں کے بیج بو دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پرزور دیا کہ اہم عہدوں پر فائز ہونے والے افراد کو چھوٹی چھوٹی باتوں میں مصروف کرنے کی بجائے انہیں بڑی ذمہ داریوں سے عہدہ برآہونے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ قبل ازیں مسلم لیگ(ن) ریاض کے خالد اکرام رانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کی پانچویں اور عالم اسلام کی دوسری بڑی جمہوریت عدلیہ کے نامناسب فیصلے کے باعث مسائل سے دوچار ہوگئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کی گیڈربھبھکیوں سے پاکستانی قوم مرعوب نہیں ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) ریاض ہی کے انجینیئرراشد محمود بٹ نے بطور وزیرمواصلات تقرری پر حافظ ڈاکٹر عبدالکریم کو مبارکباد دی اور واضح کیا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث اور مسلم لیگ(ن) کا باہمی تعاون ہمیشہ مثالی رہا ہے۔ اپنے صدارتی خطاب میں امیر مرکزی جماعت اہلحدیث مولانا عبدالمالک مجاہد نے حافظ ڈاکٹر عبدالکریم سے 20سالہ خوشگوار روابط کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ جامعہ ام القریٰ میں امام حرم شیخ صالح بن حمید کے انتہائی ہونہار طالب علم رہے تھے۔ موصوف نے انتخابات میں اپنے علاقے کے وڈیروں کا پامردی سے مقابلہ کرتے ہوئے انہیں شکست دی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حافظ ڈاکٹر عبدالکریم کا بطور وزیر تقرر درحقیقت مرکزی امیر پروفیسر ساجد میر کی کامیابی کی علامت تھا۔ تقریب کا آغاز انجینیئر حافظ حماد الرحمان سپرا کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ وقار نسیم وامق نے نعت رسول مقبول پیش کی جبکہ عبدالغفار مجاہد نے ملی نغمہ پیش کر کے داد حاصل کی۔ رانا خادم حسین  نے اپنا کلام سنا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔ تقریب کی نظامت فیصل علوی نے کی۔

 

شیئر: