فلوریڈا ..... احسان شناسی اور اظہار تشکر کے جذبات ایسے ہیں جو قدرت نے شاید ہر مخلوق کے دل میں پیدا کئے ہیں تاہم ان جذبات کی مقدار میں کمی و بیشی عین ممکن ہے اور اس کا انحصار وقت اور مخلوق کی فطری جبلت پر ہوتا ہے۔ایسا اس حوالے سے یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہاں رہنے والی ایک خاتون سے ملاقات کرنے کی غرض سے ایک ایسا پرندہ روزانہ ان کے پاس آتا ہے تھوڑا وقت گزارتا ہے پیار کرتا ہے اور پھر اڑ جاتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈینا تھیسین نامی خاتون نے اس پرندے کی اُس وقت جان بچائی تھی جب وہ صرف چند دنوں کا تھا۔انتہائی نوزائیدہ چوزے میں شمار ہونیوالا یہ پرندہ ڈینا کے شوہر کین اور ان کی بیٹی علیزہ کی پیہم نگرانی میں رہا اور انہوں نے ہی اسے دانا چگنا ،اچھل کود کرنا اوراپنے بل بوتے پر اڑان بھرنا سب کچھ سکھایا تھا۔یہ واقعہ 2سال قبل کا ہے مگر اس پرندے نے اپنی محسنہ کو اب تک فراموش نہیں کیا اور وہ روزانہ اس گھر میں آتا ہے ، گھر والوں سے ملتا ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ سرطان جیسے موذی مرض کی زد میں بھی آئی تھی مگر دوسری چیزوں کے علاوہ اس پرندہ کی محبت نے بھی انہیں صحتیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔خاتون کی بیٹیاں بھی اس پرندے سے بہت محبت کرتی ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے ایک پرندے کو ماں سے اتنی محبت کرتے دےکھا اور ماں کو بھی اس کی محبت میں مبتلا پایا تو انہیں حیرت ہوئی کہ آخر ماں کو کیا ہوا ہے جو ایک پرندے سے اتنی دوستی بڑھا رہی ہیں ۔ کبھی کبھی تو پرندے کی ان سے محبت ہم بچوں سے بھی زیادہ ہو جاتی تھی اور اس وقت ہمیں بہت برا لگتا تھا۔ اب یہ پرندہ مشہور کہانی سنووائٹ کے مرکزی کردار جیسا لگتا ہے اور اتنا ہی پیارا ہے ۔