کراچی ...وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار سے ان کے گھر پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ مراد علی شاہ پیر کی صبح ہی فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچے تھے۔ بعد ازاںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ دہشت گردی قومی مسئلہ ہے۔ سب نے مل کر اسکا حل ڈھونڈنا ہے۔ کوئی بھی امید نہیں کرتا کہ عید کی نماز پڑھ کر آئے تو کوئی حملہ کرے گا۔میں خود بغیر سیکیورٹی کے نماز پڑھتا ہوں ۔کراچی میں ایم کیو ایم والوں کو سب سے زیادہ سیکیورٹی دی ہے۔ ضرورت ہوئی تو مزید سیکیورٹی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ اظہار الحسن پر حملے کا منصوبہ اس شہر اور صوبے میں نہیں بنا ہوگا۔ انصار الشریعہ کراچی میں پلان نہیں کر رہی تاہم آپریٹ ضرور کررہی ہے۔وفاقی حکومت سے کچھ تنظیموں کو واچ لسٹ پر ڈالنے کا کہا تھا۔وفاق کو کہا ہے کہ انصار الشریعہ کو بھی واچ لسٹ پر ڈالیں۔ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جامعات کو بھی دیکھنا ہوگا کہ یہ دہشت گردوں کی افزائش گاہ تو نہیں بن گئیں۔انہوں نے کہا کہ بغیر منصوبہ بندی کے شہر بڑھ رہا ہے ۔ کراچی جیسے شہر میں اور اردگرد کون رہ رہا ہے پتہ نہیں چلتا۔