جدہ ..... فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد مختلف ممالک کے حجاج کرام کا جدہ کے تاریخی اور تفریحی مقامات پر آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ اکثر حجاج کورنیش اور بلد کے تاریخی مقامات دیکھنے آرہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ، ہندوستان ، انڈونیشیاءاور ترکی کے اکثر حجاج کرام اپنے وطن واپس جانے سے قبل جدہ لازمی آتے ہیں۔سب سے پہلے وہ شہر کے قدیم تاریخی علاقے بلد جاتے ہیںجہاں قدیم طرز کی عمارتیں موجود ہیں ۔ بلد کے علاقے کو تاریخی ورثا قرار دیا جاچکا ہے جہاں میوزیم بھی ہے ۔ اکثر حجاج میوزیم میں رکھی نوادرات دیکھتے اور وہاں تصاویر بناتے ہیں ۔ بیرونی حجاج کو حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے کے ایک ذمہ دار کا کہنا ہے کہ عام طور پر جدہ میں 5 مقامات ایسے ہیں جہاں حجاج لازمی جاتے ہیں جن میں بلد ، کورنیش، مسجد الرحمہ ، مسجد الجفالی اور اماں حواءکا مقبرہ ۔ حجاج بلد کے بازار سے خریدار ی بھی کرتے ہیں ۔ ذمہ دارنے مزید بتایا کہ اکثر حجاج پہلے سے ان مقامات کی نشاندہی کرتے ہیں جہاں انہیں جانا ہو تا ہے۔ ان علاقوں کے بارے میں وہ اپنے عزیز وں ،جو اس سے قبل مملکت آچکے ہوتے ہیں سے معلومات حاصل کر کے آتے ہیں اسی لئے وہ ان علاقوں کا نام ہمیں بتادیتے ہیں ۔ حجاج کو جدہ لانے اور لے جانے کےلئے خصوصی ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جاتا ہے ۔ ساحل پر بنی مسجد الرحمہ اور جفالی مسجد خصوصی طور پر انڈونیشی حجاج کےلئے توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے ۔ بلد کا تاریخی علاقہ بھی حجاج کرام کےلئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے جہاں بعض انتہائی قدیم عمارتیں آج بھی موجود ہیں۔ اسکے علاوہ مسجد ابی حنیفہ جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ حضرت عثمان غنی ؓ کے عہد میں بنی تھی بعد ازاں ہندوستان سے آنے والے تاجروں نے اس مسجد کو از سر نو تعمیر کیا،مسجد میں اُس دور کے لکڑی کے ستون آج بھی قائم ہیں جبکہ نمازیوں کےلئے کھودا جانے والا کنواں اور وضو کےلئے بنایا گیا حوض بھی موجود ہے ۔ حجاج کرام اس مسجد میں بھی آکر یہاں تصاویر بناتے ہیں اور یادگار کے طور پر لے جاتے ہیں ۔ علاقہ بلد کے رہنے والوں کا کہنا ہے کہ حج سیزن میں یہاں رونقیں عروج پر پہنچ جاتی ہیں جبکہ کارروبار بھی کافی بہتر ہو تا ہے ۔ علاقے کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ حسب سابق امسال بھی امید ہے کہ کارروبار بہتر ہو گا ۔ ایشیائی حجاج کو خدمات فراہم کرنے والے ایک ادارے کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ پاک و ہند سے جو حجاج آتے ہیں وہ اکثر اماں حواءکے قبرستان جاتے ہیں ۔ ذمہ دار کا کہنا ہے کہ عام طور پر حجاج کو جدہ میں 3دن رکھتے ہیں ۔تفریحی دورہ حجاج کی مرضی پر مرتب کیاجاتا ہے ۔