دوسرا ٹیسٹ:ڈیوڈ وارنر کی سنچری،آسٹریلیا نے 377/9رنز بنالئے
چٹاگانگ :اوپنر ڈیوڈ وارنر کی سنچری ، پیٹر ہینڈز کومب اور کپتان اسٹیون اسمتھ کی نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن اپنی پہلی اننگز میں9وکٹوں کے نقصان پر 377رنز بناتے ہوئے72رنز کی برتری حاصل کرلی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز اور مستفیض الرحمان نے3-3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو اسٹیو اوکیف8اور ناتھن لیون بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے۔قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم نے کھیل کے تیسرے دن بارش کی وجہ سے قدرے تاخیر سے پہلی اننگز کا آغاز کیا ۔225رنز 2کھلاڑی آوٹ پر ڈیوڈ وارنر88اور پیٹر ہینڈز کومب69رنز کے ساتھ دوبارہ بیٹنگ کے لئے آئے ۔ہینڈز کومب 82کے انفرادی اسکور پر رن آوٹ ہو گئے اور انہیں سنچری مکمل کرنے کا موقع نہ مل سکا ۔ دوسری جانب ڈیوڈ وارنر نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہیں123کے اسکور پر مستفیض نے آوٹ کیا ۔ان کے بعد گلین میکسویل، ایشٹن اگر اور ہلٹن کاٹرائٹ نے وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش کی لیکن بنگلہ دیشی بولر نے یہ کوشش کامیاب نہ ہونے دی۔ میکسویل نے38،ایشٹن اگر نے22اور کاٹرائٹ نے18رنز بنائے اور اسکور کو377رنز تک پہنچانے میں اپنا حصہ ڈالا۔تیسرے دن کے مقررہ اوورز مکمل ہوئے تو اسٹیو اوکیف اور ناتھن لیون ناٹ آوٹ تھے۔مہمان ٹیم نے خاطرخواہ برتری حاصل کرلی ہے اور اس کے بل پر وہ بنگلہ دیش کو دباﺅ میں لانے کی اہلیت رکھتی ہے۔بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں302رنز بنائے تھے۔