اسلام آباد...الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو پارٹی فنڈنگ کا ریکارڈ جمع کرانے کا آخری موقع فراہم کرتے ہوئے 11 ستمبر تک تفصیلات جمع کرانے کا حکم دے دیا۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائر سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بنچ نے پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، کارروائی ملتوی کی جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہائی کورٹ حکم امتناعی جاری کردے تو کارروائی روک دیں گے۔ ہائی کورٹ نے حکم امتناعی جاری نہیں کیا تو کارروائی آگے بڑھانی ہوگی۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پارٹی فنڈنگ کا ریکارڈ جمع کراچکے ،اس کیس میں الیکشن کمیشن بھی فریق ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ سمجھ میں نہیں آرہا کہ تحریک انصاف حکم کی تعمیل کیوں نہیں کررہی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جو ریکارڈ تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں جمع کرایا ہے وہ ریکارڈ الیکشن کمیشن میں بھی جمع کرایا جائے۔ ریکارڈ جمع کرانے کا یہ آخری موقع دے رہے ہیں۔دریں اثناءاسلام آباد ہائی کورٹ بھی تحریک انصاف کو حکم دیا ہے کہ وہ بیرون ملک فنڈنگ کے ذرائع 2 ہفتوں کے اندر الیکشن کمیشن میں جمع کرائے۔