واشنگٹن...امر یکہ نے پاکستان سے پھر ڈومو ر کا مطالبہ کیا ہے ۔برکس اعلامیے پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ عالمی گورننس اور استحکام کے لئے برکس فورم کے تعمیری کردار کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ واضح کرچکی ہے کہ پاکستان کو اپنے رویے میں تبدیلی لانی ہوگی۔ امید ہے پاکستانی حکومت ملک میں موجود عسکریت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے گی جو خطے کے لئے ایک خطرہ ہیں۔ واضح رہے کہ برکس اعلامیے میں جن گروہوں کا ذکر کیا گیا ہے اس میں افغان طالبان، داعش، القاعدہ ، اس سے منسلک دہشت گرد گروہ، حقانی نیٹ ورک، لشکرِ طیبہ، جیشِ محمد، تحریک طالبان پاکستان اور حزب التحریر شامل ہیں۔