دوسرا ٹیسٹ :آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو7وکٹوں سے ہرا دیا،1-1سے سیریز برابر
چٹاگانگ:ناتھن لیون کی ریکارڈ اور تاریخ ساز بولنگ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے سیریز کے دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریزبرابر کردی۔ بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں ناکامی کا شکار ہو گئی اور آسٹریلیا کو صرف86رنز کا ہدف دیا جاسکا جسے مہمان ٹیم نے 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ناتھن لیون کو میچ میں 13وکٹیں لینے اور کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ مسلسل عمدہ بیٹنگ پر ڈیوڈ وارنر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ناتھن لیون بولنگ میں شاندار کارکردگی کی وجہ سے ایشیا میں آسٹریلیا کے سب سے کامیاب بولر بھی بن گئے ۔ آسٹریلوی ٹیم نے کھیل کے چوتھے دن پہلی نامکمل اننگز377رنز 9کھلاڑی آوٹ پر دوبارہ شروع کی لیکن مجموعی اسکور میں اضافے کے بغیر ہی آخری وکٹ گر گئی ۔مہمان ٹیم ،بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے جواب میں 72رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ دوسری اننگز کے دوران بنگلہ دیشی بولرز ایک مرتبہ پھر ناتھن لیون کے سامنے بے بس نظر آئے اور لیون نے ابتداءہی میں اوپنر تمیم اقبال کو آوٹ کرکے جو کامیابی حاصل کی اس کے نتیجے میں بڑھنے والے دباونے بنگلہ دیش کو43رنز پر5وکٹوں سے محروم کردیا تھا۔کپتان مشفق الرحیم کے علاوہ صابر رحمان اور مومن الحق نے کسی حد تک مقابلے کی کوشش کی لیکن یہ تینوں بھی اسکورمیں با لترتیب31،24اور29رنز کا اضافہ ہی کرسکے ۔ناتھن لیون نے بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں 6وکٹیں لیکر نہ صرف میچ میں13وکٹیں حاصل کرکے آسٹریلیا کےلئے ریکارڈ قائم کیابلکہ بنگلہ دیش کو بھی157رنز تک محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔دیگر وکٹیں پیٹ کمنز اور اسٹیون اوکیف کے حصے میں آئیں اور بنگلہ دیشی ٹیم71.2اوورز 157پر آوٹ ہو کر آسٹریلیا کو فتح اور سیریز برابر کرنے کے لئے صرف86رنز کا ہدف ہی دے سکی۔یہ ہدف اتنا کم تھا کہ بنگلہ دیشی بولرز کے لئے اس کا دفاع ممکن نہیں ہوسکا اور آسٹریلیا نے صرف15.3اوورز میں3وکٹوں کے نقصان پر87رنز بناکر7وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے میچ کا فیصلہ بھی چوتھے ہی دن کردیا۔گلین میکسویل25اورپیٹر ہینڈز کومب16رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ آوٹ ہو نے والوں آسٹریلوی بیٹسمینوں میں سے اوپنر میٹ رینشا نے 22،ان کے ساتھی ڈیوڈ وارنر8اور کپتان اسٹیون اسمتھ نے16رنز کا حصہ ڈالا۔مستفیض، شکیب اور تیج لاسلام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔