ارما سے 12 لاکھ افراد متاثر، 14 ہلاک ، کئی جزائر تباہ
ہیٹی۔۔۔سمندری طوفان ’ارما‘ کریبیئن جزائر میں تباہی مچانے کے بعد اب ہیٹی، کیوبا سمیت بحر اوقیانوس کے زیریں جانب بڑھ رہا ہے۔ طوفان کے باعث اب تک 14 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔بین الاقوامی امدادی ادارے آئی آر سی کا کہنا ہے طوفان سے اب تک 12 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ہیٹی اور جزائر ٹرکس اینڈ کیکس ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری کر رہے ہیں۔غربت زدہ ہیٹی کے اس سمندری طوفان کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خطرہ ہے کیونکہ ہیٹی تاحال 2010 میں آنے والے زلزلے کے باعث ہونے والی تباہی سے نمٹ رہا ہے۔جزائر ٹرکس اینڈ کیکس میں بھی اطلاعات کے مطابق طوفان آنے کا خطرہ موجود ہے، جہاں ممکنہ طور پر معمول سے ہٹ کر 20 فٹ بلند تباہ کن لہریں آ سکتی ہیں۔خیال رہے کہ ارما نامی سمندری طوفان کیٹیگری پانچ کا طوفان ہے۔یہ سمندری طوفان ممکنہ طور پر سب سے بلند درجے پر ہے اور اس کے ساتھ چلنے والی ہوائیں 185 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہی ہیں۔