ہند کی 5خاتون صحافیوں کو قتل کی دھمکیاں دینے والا گرفتار
نئی دہلی۔۔۔۔۔۔ساگریکا گھوش اور اروندھتی رائے سمیت ملک کی5 خواتین صحافیوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے وکرمادتیہ رانا کو پولیس نے گرفتار کر لیا ۔عوام کو اس بات پر حیرت ہے کہ مودی حکومت میں ایک خاص نظریہ کے حامل افراد اس قدر دیدہ دلیر ہوگئے ہیں کہ وہ سر عام صحافیوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے سے گریز نہیں کرتے۔ واضح ہو کہ وکرمادتیہ رانا نے اپنے فیس بک پر ساگریکا گھوش، شوبھا ڈے، اروندھتی رائے، شہلا راشد اور کویتا کرشنن کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ اس نے جمعرات کو پوسٹ میں ان صحافیوں کو گوری لنکیش جیسے نتائج بھگتنے کی بات کہی تھی۔ ساتھ ہی ساگریکا گھوش کو اینٹی نیشنل (وطن دشمن) بھی قرار دیا۔ساگریکا کی شکایت پر دہلی پولیس سائبر کرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے وکرمادتیہ رانا کا سراغ لگا کرگرفتارکرلیا۔ وکرمادتیہ رانا کے خلاف دفعہ 507 اور 607 کے ساتھ ہی آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66 کے تحت مقدمہ درج کیا گیاہے۔ ذرائع کے مطابق وکرمادتیہ شیلانگ کا باشندہ ہے۔دوسری جانب کرناٹک کے شرنگیری اسمبلی حلقہ سے بی جے پی ممبر اسمبلی ڈی این جیوراج کے خلاف بھی ایف آر درج کی گئی ہے۔ جیوراج نے بدھ کو بی جے پی کی ایک ریلی میں کہاتھا کہ ’’اگر گوری لنکیش نے آر ایس ایس کے خلاف محاذ نہیں کھولا ہوتا تو ان کا قتل نہیں ہوتا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا تھا کہ گوری لنکیش نے ’چڈھی گلا مارانا ہوما‘ عنوان کے ساتھ ایک اسٹوری شائع کی تھی۔ اسکے معنی ’آر ایس ایس کے نیکر(چڈے) کی آخری رسومات ادا‘۔ جب جیوراج سے ایف آئی آر کے بعد ان کا رد عمل جاننے کی کوشش کی گئی تو انھوں نے وہی روایتی جملہ دہراتے ہوئے کہا کہ ’’میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔‘‘