باکسر عامر خان نے فریال سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کردیا
لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے اہلیہ سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کردیا۔ باکسر عامر خان اور فریال مخدوم کے درمیان جاری لڑائی اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے، دونوں کی جانب سے گزشتہ کافی عرصے سے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کا سلسلہ جاری تھا جہاں عامر اپنی اہلیہ سے تنگ تھے وہیں فریال نے عامر کو برباد کرنے کی کئی بار دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر عامر نے انہیں طلاق دینے کا سوچا یا طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تو وہ عامر خان کی زندگی اور کیرئیر دونوں برباد کردیں گی تاہم عامر نے فریال کی ہر دھمکی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے رشتے کے خاتمے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی ہے،اس کے علاوہ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنی تازہ ویڈیو میں فریال سے علیحدہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اور فریال کے راستے ہمیشہ کے لیے جدا ہوگئے ، میں نے طلاق کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی ہے اور یہ فیصلہ اہلیہ کی رضامندی سے کیا ہے، اس کے علاوہ وہ اپنی بچی کے لیے ہمیشہ دستیاب ہوں گے کیونکہ وہ اپنی بیٹی سے بے انتہا محبت کرتے ہیں۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل فریال نے فیس بک اور ٹوئٹر پر اپنے دوبارہ امید سے ہونے کی خبر جاری کرکے اپنے تئیں دھماکا کرنے کی کوشش کی تھی پہلے تو اس خبر پر عامر خان کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا لیکن اب انہوں نے کہا ہے کہ فریال نے اپنے امید سے ہونے کی خبر کے بارے میں ان سے کوئی بات نہیں کی یہاں تک کہ انہیں اس خبر کے بارے میں سوشل میڈیا سے پتہ چلا، مجھے معلوم نہیں یہ سچ ہے یا جھوٹ۔واضح رہے کہ عامر خان گھریلو جھگڑوں سے تنگ آکر فریال کو گزشتہ دو سال سے طلاق دینا چاہتے تھے وہ اپنی شادی سے دلبرداشتہ تھے ، دوسری جانب فریال کا کہنا تھا کہ وہ انہیں طلاق نہیں دے سکتے کیونکہ ان کے پاس عامر کے خلاف اتنا مواد موجود ہے جو ان کی شخصیت کو تباہ کرسکتا ہے۔