Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بھاجپا ایم ایل اے کے ہاتھوں کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ کی پٹائی

بلیا۔۔۔۔۔۔۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر اسمبلی دھننجے قنوجیا نے سیئربازارمیں واقع کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ کی زبردست پٹائی کر دی جس کے بعد معاملے نے طول پکڑ لیا اور ضلع انتظامیہ نے اس پورے معاملے کی جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے۔  قنوجیا مریضوں کو کھانا کھلانے سے متعلق کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ سے 300 روپے کا حساب مانگ رہے تھے اور ڈاکٹر چودھری نے خرچ کی تفصیلات کا رجسٹر پیش بھی کیا، لیکن قنوجیا نے اپنی طاقت اور اپنا رتبہ دکھاتے ہوئے سرعام پٹائی شروع کر دی۔ وہاں موجود ڈاکٹروں اور ملازمین نے کسی طرح ڈاکٹر چودھری کو بچایا۔ اقتدار کے نشے میں چور دھننجے قنوجیا نے سپرنٹنڈنٹ کو جان سے مارنے کی دھمکی تک دے ڈالی۔اس سلسلے میں پولس سپرنٹنڈنٹ انل کمار نےبتایا کہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جی پی چودھری نے ان سے ملاقات کر کے بی جے پی ممبر اسمبلی دھننجے قنوجیا کے خلاف شکایت نامہ  ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ وجے پال سنگھ کوپیش کیا۔ جب ڈاکٹر چودھری سے اس سلسلے میں بات کی گئی تو انھوں نے بتایا کہ بلتھرا روڈ علاقہ سے بی جے پی ممبر اسمبلی دھننجے قنوجیا گزشتہ 13 ستمبر کی شام ان کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کا جائزہ لینے آئے تھے۔ ڈاکٹر چودھری نے مزید بتایا کہ قنوجیا 300 روپے کا حساب طلب کرنے لگے تو خرچ کا رجسٹر دکھایا گیا۔ اس کے باوجود انھوں نے گالیاں دینی شروع کر دیں اور پٹائی کرنے کے ساتھ ساتھ جان سے مارنے کی دھمکی بھی دے ڈالی۔واضح ہو کہ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں میں بی جے پی لیڈروں کے ذریعہ بدتمیزی سے پیش آنے اور بلاوجہ کسی کو بھی ڈانٹ پھٹکار کر دینے کا معاملہ کوئی نیا نہیں ۔ گزشتہ سوموار کو ہی اتراکھنڈ کے وزیر تعلیم نے دو اسکولوں کا دورہ کیا تھا جہاں انھوں نے ایک خاتون ٹیچر سے سوال پوچھا اور درست جواب دینے کے باوجود بری طرح ان کو ڈانٹا۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے حساب کا ایک غلط فارمولہ بھی سب کے سامنے پیش کر دیا اور کسی کے سمجھانے کے باوجود اپنی غلطی کا اعتراف نہیں کیا۔

شیئر: