غیر قانونی تارکین کیلئے مزید ایک ماہ کی مہلت
ریاض(جاوید اقبال) پاک و ہند کے سفارتی ذرائع نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کیلئے روانگی کی مہلت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی۔ سفارتخانہ پاکستان کے باوثوق ذرائع کے مطابق اس مدت کا آغاز ہفتہ16ستمبر سے ہوگا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 4ماہ کی مہلت کا اختتام 24جولائی کو ہوا تھا۔ حج موسم کے بعد مزید مہلت دی جارہی ہے۔ سفارتخانہ پاکستان نے مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم اپنے وطن کے تارکین پر زور دیا کہ وہ اس توسیع سے فائدہ اٹھائیں اور بغیر کسی سزا کے یا جرمانے کی ادائیگی کئے وطن واپس چلے جائیں۔ اس طرح وہ اپنے ویزے پر قانونی طور پر مملکت واپسی کا سفر بھی اختیار کرسکیں گے۔ دریں اثناءہندوستانی ویلفیئر کمیونٹی قونصلر انیل نوٹیال نے اردونیوز سے بات کرتے ہوئے اس امر کی تصدیق کی کہ غیر قانونی تارکین وطن کیلئے مہلت میں ایک ماہ کی توسیع کردی گئی۔ اسکا اطلاق ہفتہ 16ستمبر سے ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت وادی الدواسر میں سفیر ہند احمد جاوید کے ہمراہ ہیں جہاں سفیر نے ہندوستانی کمیونٹی سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ پہلی مرتبہ کسی ہندوستانی سفیر نے وادی الدواسر کا دورہ کیا ہے۔