تلنگانہ : پھولوں کا تہوار شروع، غریب عورتوں میں 60 لاکھ ساڑیاں تقسیم
حیدرآباد۔۔۔۔۔۔پھولوں کے تہوار بتکماں کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے غریب خواتین میں ساڑیوں کی تقسیم شروع ہوگئی۔تلنگانہ کے مختلف وزرا ء نے مختلف مقامات پر بتکماں ساڑیوں کی تقسیم کی۔کھمم میں ٹی ناگیشور راو،کاماریڈی کے بانسواڑہ میں پوچارم سرینواس ریڈی،سدی پیٹ میں ہریش راو،محبوب آباد کے بالانگر میں لکشماریڈی ،منچریال ضلع میں پداپلی کے ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بالکا سمن،رکن اسمبلی دیواکر راو اور ورنگل میں سرکاری افسروں نے خواتین میں بتکماں فیسٹیول کی ساڑیوں کی تقسیم عمل میں لائی جبکہ شہر حیدرآباد کے لنگم پلی میں اے گاندھی ایم ایل نے ان ساڑیوں کی تقسیم عمل میں لائی۔وزیر آبپاشی ہریش راو نے سدی پیٹ میں ساڑیوں کی تقسیم کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پرائیویٹ اسپتالوں کے بجائے سرکاری اسپتالوں میں زچگی کروانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسپتالوں میں زچگی کروانے پر رقم خرچ کرنی پڑتی ہے جبکہ اگر سرکاری اسپتال میں زچگی کروائی جاتی ہے تو الٹا حکومت زچگی پر 12ہزار روپے فراہم کر رہی ہے۔ ساتھ ہی نوزائیدہ بچہ کی دیکھ بھال اور ماں کے لئے کے سی آر کٹس بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ان کٹس میں چھوٹے بچوں کے دیکھ بھال کا تمام سامان موجود ہے۔ ساڑیوں کی تقسیم کا کام20ستمبر تک جاری رہے گا۔راشن کارڈ رکھنے والی خواتین میں ان ساڑیوں کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔ٹی آرایس کے تمام وزرا،ارکان اسمبلی اورمقامی لیڈروں نے ساڑیوں کی تقسیم کے پروگرام میں حصہ لیا۔ 60لاکھ 60ہزار 839ساڑیوں کی 645کمیونٹی ہالز میں تقسیم ہورہی ہے۔ضرورت مند خواتین سے کہا گیا ہے کہ وہ ان ساڑیوں کے حصول کے لئے فوڈ سیکورٹی کارڈ،آدھار کار ڈ یا پھر تصویری شناختی کارڈ کی کاپیاں ساتھ لائیں۔