مال بردار برطانوی جہاز کے عملے کو ہیلی کاپٹرکی مدد سے بچایاگیا
گران کنیریا ، اسپین ..... اسپین کے ساحلی علاقے سے گزرنے والے برطانوی جہاز میں اچانک آگ لگ جانے کے بعد اس کے عملے کے ارکان کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے بحفاظت نکال لیا گیا۔ واضح ہو کہ ایم وی چیشائر نامی جہاز پر عملے کے 24ارکان سوار تھے۔ کہا جاتا ہے کہ جہاز میں آگ لگنے کی وجہ یہ ہوئی کہ جہاز کے ا ندر کا درجہ حرارت امونیم نائٹریٹ میں اضافے کے سبب بہت زیادہ بڑھ گیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ مال بردار جہاز ناروے سے تھائی لینڈ جارہا تھا کہ عملے کے ارکان نے پہلے تو گرمی کی شدت محسوس کی پھر کسی کونے سے دھواں اٹھتا محسوس ہوا جس کے بعد عملے کے ارکان نے ہنگامی امداد طلب کرنے کیلئے سگنل دیئے اور امدادی ادارے کے ہیلی کاپٹرز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ اطلاعات کے مطابق عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے ہیں تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ جہاز پر لدا ہوا مال کتنا خراب ہوا اور کتنا محفوظ رہا۔ جہازبی بی لائن لمیٹڈ کا تھا جس کے دفاتر لندن اور لیور پول میں ہیں۔ عملے کے ارکان کا تعلق یوکرین، روس اور فلپائن سے بتایا جاتا ہے۔جہاز کی آگ پر بھی قابو پالیا گیا ہے تاہم فیصلہ یہی کیا گیا ہے کہ اسے آہستہ آہستہ ساحل کے کنارے چلا کر منزل تک پہنچایا جائے۔ پھر دیکھا جائے کہ اسے کیا نقصان پہنچا ہے۔