جوہر یونیورسٹی کے تحفظ کی ذمہ داری رامپور کے طلبہ اور عوام پر ، اعظم خان
رام پور۔۔۔۔۔جوہر یونیورسٹی کی 11ویں یوم تاسیس کے موقع پر سما ج وادی کے قد آور رہنما اور یونیورسٹی کے چانسلر محمد اعظم خان نے طلبہ اور اسٹاف کے علاوہ رامپور کے عوام سے بھی یونیورسٹی کے تحفظ اور سلامتی کیلئے صف آراء ہونے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ تنکا تنکا جمع کرکے تیار کئے گئے آشیانے کو اجاڑنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ ہم سے سیاسی مخاصمت کے سبب دانش گاہ کو پامال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی حریفوں سے نبردآزماہونے کی طاقت رکھتے ہیں لیکن یونیورسٹی کو آباد رکھنا اور اس کی سالمیت و بقاء کی ذمہ داری رامپور کے عوام اور طلبہ پر عائد ہوتی ہے۔ ہم نے علم کی شمع روشن کردی ہے جس کی حفاظت آپ سب پر فرض ہے۔