کمالیہ ... سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار زخمی پاکستان کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔ تاریخ گواہ ہے (ن) لیگ کو حکومت کرنا آتی ہے نہ یہ سنبھال سکتے ہیں۔ حکومت نے عالمی سطح پر پاکستان کا کیس کمزور کیا۔ جمعہ کو کمالیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے دور میں جب میر مرتضیٰ بھٹو کی شہادت ہوئی تو مجھ پر اور بی بی پر الزام لگایا گیا۔ بی بی نے کہا تھا کہ ایک بھٹو کو قتل کرکے دوسرے بھٹو کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف اتنا بہادر ہے تو عدالت میں آئے اور مقدمات کا سامنا کرے ۔اس کی ا پنی کمر خراب ہے مگر وہاں تو ڈسکو ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اور بھی مسائل ہیں۔ اس وقت معیشت بڑا مسئلہ ہے اسحاق ڈار خود تو بھاگ گئے مگر زخمی پاکستان چھوڑ گئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا 4 سال حکومت کرنے دوں گا پھر پوچھوں گا اب تاریخ نے ثابت کردیا کہ ان کو نہ تو حکومت کرنا آتی ہے نہ یہ سنبھال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں معاشی مسائل ہیں بے روزگاری مہنگائی جیسے مسائل معیشت کی وجہ سے ہیں۔ انہیں معیشت کی سمجھ نہیں محض سڑکیں بنانے سے ترقی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جن قرضوں سے روڈ بن رہے ہیں وہ واپس کیسے ہوگا ۔اب یہ کہیں گے ہمیں نکالا گیا ؟ اس لئے معیشت کمزور ہے۔ یوسف رضا گیلانی کو بھی نکالا گیا تھا مگر اس وقت معیشت کمزور نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر سندھ آرہے ہیں تو میں بھی کے پی کے جاتا ہوں۔ عمران خان نیا پاکستان بنانے آئے تھے کے پی کے میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں اکیلے پیپلزپارٹی کی اکثریت نہیں ۔ دوسری جماعتوں سے مل کر ہے۔