Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھلی ہوا میں گہری سانس لینا، صحت مند طرز زندگی کا اصول

زندہ رہنے کے لئے سانس لینا بہت ضروری ہے۔ انسانی زندگی کی بقا کے لئے یوں تو غذا بھی اہم ہے اور پانی بھی لیکن ان میں ہوا کی اولیت مسلم ہے۔روز صبح جلدی اٹھنے کو اپنا معمول بنائیں، کھلی اور تازہ ہوا میں گہری سانس لیں ۔یہ صحت مند طرز زندگی کے اصولوں میں سے ایک ہے۔ ایک پرانی ضرب المثل ہے ”ہر روز10 گہرے سانس لینے والا تپ دق سے محفوظ رہتا ہے“۔ ممکن ہے یہ کہاوت پوری طرح صحیح نہ ہو لیکن یہ بات بلا خوف تردید کہی جاسکتی ہے کہ جو شخص دن میں کئی مرتبہ اس قدر گہرے اور لمبے سانس لیتا ہے کہ پھیپھڑے پوری طرح ہوا اور آکسیجن سے بھر جاتے ہیں ،وہ اپنے خون کو پوری طرح آکسیجن کے ذخیروں سے مالا مال کرتا ہے اور پھیپھڑوں کے ا±ن تاریک گوشوں کو جو جراثیم کی آماج گاہ ہیں، صاف کر لیتا ہے۔
 
کھلی فضا اور تازہ ہوا میں سانس لینے سے آپ سانس کی مختلف بیماریوں جیسے دمہ، برونکائٹس اور سینے میں درد جیسے امراض کے خطرات سے محفوظ رہتے ہیں۔لمبی اور گہری سانس لینے سے دل کو صحیح مقدار میں آکسیجن ملتی ہے اور دل خون کی رفتار میں اضافہ کر دیتا ہے جس کی وجہ سے آنکھوں اور دماغ تک خون صحیح طریقے سے پہنچتا ہے۔اسکے علاوہ گہری سانس لینے سے مدافعتی نظام تندرست رہتا ہے اور مختلف بیماریوں کے خطرات کو کم کر تا ہے۔
 
 کھلی فضا میں سانس لینا دماغ کی کارکردگی پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ اسکی مدد سے دماغ کی سوچنے ،سمجھنے اور فیصلے لینے کی صلاحیت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ڈپریشن ہونے کی صورت میں اگر کھلی فضا میں گہری سانس لی جائے تو ڈپریشن سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔
 

شیئر: