ریاض..... قطری قبیلے" الغفران" نے شہریت سلب کرنے اور ملک سے بھگادینے پر قطری حکام کیخلاف اقوام متحدہ سے رجوع کرلیا۔ انہوں نے اپنی درخواست میں مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ فوری مداخلت کرکے ان کی مدد کرے اور انہیں ان کے جائز حقوق دلائے۔ جابر المری نے سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے خاندان کے افراد کی مصیبت ختم کرانے کیلئے جنیوا پہنچے۔ انہوں نے قطری حکام کی جانب سے شہریت سلب کرنے ، ملک سے بھگانے، جیلوں میں ڈالنے ، ملازمت سے برطرف کرنے، املاک ضبط کرنے اور ملک واپس آنے سے روکنے جیسی تمام شکایات اقوا م متحدہ کو پیش کردیں۔ اقوام متحدہ کے عہدیداروں نے مسئلہ حل کرانے میں تعاون دینے کا وعدہ کرلیا۔