Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب، اقتصادی شراکت داری مزید مستحکم کرنے کا عزم

سعودی وزیر سرمایہ کاری سے ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ (فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف چار روزہ دورے پر سعودی عرب میں ہیں جہاں ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر اعلی حکام سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور اقتصادی امور کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس کے سربراہ محمد التویجری سے ملاقات کی۔ قبل ازیں بدھ کی رات کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے شہباز شریف کی جدہ میں ملاقات ہوئی تھی۔ 
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس وِنگ سے جاری بیان کے مطابق  وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور اقتصادی امور کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس کے سربراہ محمد التویجری سے ملاقات میں اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے، پاکستان میں مزید سعودی سرمایہ کاری لانے اور اہم شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری سے ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کی سٹریٹیجک پوزیشن اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی میں پاکستان کی وسیع صلاحیت پر زور دیتے ہوئے سعودی کاروباری اداروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت کاروباری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور ٹاسک فورس کے سربراہ محمد التویجری نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں سعودی عرب کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
دونوں فریقوں نے مشترکہ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے ذریعے پاکستان سعودی اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں طویل مدتی اور باہمی طور پر مفید اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کی معاونت کے لیے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور ایس آئی ایف سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد موجود تھے۔

وزیراعظم نے سعودی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ (فوٹو: پی ایم آفس)

سعودی وفد میں سعودی وزارت سرمایہ کاری اور سعودی عرب اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعلقات کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس کے نمائندے شامل تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف جمعرات کو روضہ رسول پر حاضری دینے کے لیے مدینہ پہنچ گئے۔
 وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق مدینہ آمد پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے وزیراعظم کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مدینہ آمد کے بعد روضہ رسول پر حاضری دی اور مسجد نبوی میں نوافل ادا کیے۔
بدھ کو سعودی عرب پہنچنے کے بعد رات گئے وزیراعظم کی سعودی وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی تھی جس کے دوران اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
اس ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے تاریخی تعلقات، دوطرفہ تعاون کے امکانات اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔

 

شیئر: