سڈنی ریلوے اسٹیشن پر بے ہوش ہونیوالے کو بچالیا گیا
سڈنی.... سڈنی کے وائنگ یارڈ اسٹیشن پر لوگ ٹرینوں کی آمد کے منتظر تھے تاہم عین اس وقت جب ایک ٹرین پلیٹ فارم پر پہنچنے والی تھی تو ایک شخص اچانک بے ہوش ہوکر گرا اور لڑھکتا ہوا پلیٹ فارم سے نیچے پٹری پر گر گیا۔ یہ صورتحال دیکھ کر پلیٹ فارم پر موجود افراد نے چیخنا چلانا شروع کردیا اور ریلوے عملہ بھی حرکت میں آگیا۔ ریلوے ملازم نے آنے والی ٹرین کو دور سے رکنے کا اشارہ کیا جبکہ کئی افراد نے پٹری پر اتر کر بے ہوش شخص کو اٹھایا ۔ واضح ہو کہ سڈنی کا محکمہ ریل اس قسم کے اظہار ہمدردی کے خلاف ہے۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کی خطرناک ہمدردی کے نتیجے میں اگر ایک شخص کی جان بچ بھی جائے تو متعدد دوسری جانوں کے ضائع ہونے کا خطرہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔ مقامی ٹی وی چینل سیون نیوز کی اطلاع کے مطابق اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ شخص کس وجہ سے بے ہوش ہوکر گرا تاہم اسے طبی امداد کی فراہمی کے بعد اسپتال روانہ کردیا گیا ہے ۔ سیکیورٹی عملہ موقع پر موجود نہیں تھا ورنہ یہ لوگ ٹرین کی آمد کے وقت ضرور موجود رہتے ہیں اور کسی کو پلیٹ فارم کے آخری کنارے یعنی پٹری کے قریب جانے کی اجازت نہیں دیتے۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ بے ہوش ہوکر گرنے والے شخص کو پہلے سر میں چوٹ لگی۔ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اسپتال میں اسکی حالت کیسی ہے تاہم ظاہری طور پر اسے معمولی چوٹیں آئی ہیں کیونکہ وہ دھات کی بنی ہوئی پٹری پر گرا تھا۔ ریلوے حکام اس کے بارے میں معلومات حاصل کرکے اسکے عزیز و اقارب کو اطلاع دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسپتال ذرائع کا کہناے کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں وہ جلد ٹھیک ہوجائیگا۔