لاہور ... پنجاب حکومت نے جھنگ کے قریب ایل این جی پاور پلانٹ منصوبے کے معاہدے پر دستخط کردئیے۔ پاور پلانٹ سے1263 میگاواٹ بجلی حاصل کی جاسکے گی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ2018کے آخر تک ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ لوڈشیڈنگ اب کبھی واپس نہیں آئے گی۔رواں سال کے آخر تک لوڈشیڈنگ کو ملک بھر سے ختم کر دیں گے۔ لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کیلئے پچھلے 4 سال سے کام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا لوڈشیڈنگ کے باعث ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی۔ 3600 میگاواٹ بجلی کے 3 منصوبے چل رہے ہیں ۔ایل این جی پاور کا منصوبہ بھی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں بڑا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ پر مبنی باتیں کرنا کوئی قومی خدمت نہیں۔ اگر ہم نے مل کر قوم کی سمت کا تعین نہ کیا تو ہم اندھیروں میں بھٹکتے پھریں گے۔ کک بیکس، کمیشن اور گھپلوں کے الزامات کوئی ثابت نہیں کرسکا۔ جھوٹ کا سلسلہ جاری رہا تو آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔