Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلامتی اور دفاع میں پاک سعودی تعاون بہترین ہے، ہشام بن صدیق

پاکستان کے 52ویں یوم دفاع پر سفارتخانے میں تقریب ، راحیل شریف، اعلیٰ سعودی حکام کی شرکت
ریاض(جاوید اقبال) سفیر پاکستان وائس ایڈمرل (ر) ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ سلامتی اور دفاع کے میدانوں میں پاک سعودی تعاون بہترین ہے اور امید کی جاتی ہے کہ وقت کے ساتھ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ وہ پاکستان کے 52ویں یوم دفاع کے موقع پر سفارتخانے کے زیر اہتمام منعقدہ ایک استقبالیہ تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اسلامی عسکری اتحاد برائے انسداد دہشتگردی کے کمانڈر جنرل راحیل شریف بطور مہمان خصوصی ، اعلیٰ سعودی حکام ، متعدد ممالک کے سفراء، سفارتکار ،دفاعی اتاشی اور ریاض میں مقیم پاکستانی عمائدین بھی موجود تھے۔ اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے ہشام بن صدیق نے واضح کیا کہ سعودی عرب نے نہ صرف ضرورت کے وقت بلکہ ہمیشہ ہی ان کے وطن کی حمایت کی تھی جس کے لئے وہ مملکت کے شکرگزار ہیں۔ سفیر پاکستان نے اس امید کا اظہار کیا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی رہنمائی میں پاک سعودی تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔ ہشام بن صدیق نے روایتی اور غیر روایتی خطرات کے خلاف کامیاب دفاع میں پاک فوج کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور خصوصاً سلامتی اور قانون کی عملداری یقینی بنانے میں عوام کی مدد سے دفاعی اداروں کی کامیابی کو سراہا۔ ہشام بن صدیق نے اس بات کا یقین دلایا کہ پاکستان درپیش مشکلات کے باوجود دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف عالمی جدوجہد میں شریک رہے گا۔ سفیر پاکستان نے واضح کیا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ان کا وطن دہشت گردوں کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ کر رہا ہے اور یہ کہ ہزاروں انسانیت دشمنوں کا قلع قمع کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کامیابیوں کے نتیجے میں ملک میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں اوران میں ہونے والی اموات میں 5گنا کمی آ چکی ہے۔ 6ستمبر 1965ءکی اہمیت واضح کرتے ہوئے ہشام بن صدیق نے کہا کہ اس دن وطن عزیز پر ہونے والے بیرونی حملے میں پاکستان کی بہادر افواج نے کامیابی سے اپنی سرزمین کا دفاع کیا تھا۔ اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی مساعی اور کامیابیوں پر ایک ویڈیو فلم بھی دکھائی گئی۔ یوم دفاع کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب کی نظامت ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور نے کی۔

شیئر: