مدینہ منورہ .... محکمہ اعداد و شمار کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں بعداز حج اب تک 7 لاکھ 70 ہزار حجاج کرام آئے ۔ شہر نبی صلی اللہ علیہ وسلم میں اس وقت حجا ج کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 516 ہے ۔ اعداد وشمار کے مطابق مدینہ منورہ میں موجود حجاج کی تعداد کا اگر گزشتہ برس کی تعداد سے موازنہ کیا جائے تو گزشتہ برس کے مقابلے میں 72 ہزارسے زیادہ ہے ۔ عکاظ اخبار نے حجاج کے امور سے متعلق ادارے کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے حوالے سے لکھا ہے کہ امسال تمام ممالک سے آنے والے حجاج کی تعدادمیں اضافہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے امسال ابھی تک کافی زیادہ تعداد میں حجاج کرام موجود ہیں ۔ دوسری جانب حجاج کو خدمات فراہم کرنےوالے ادارے کے ایک ذمہ دار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے حرمین کی توسیع کی وجہ سے مختلف ممالک کے حج کوٹے میں 20 فیصد کمی کی گئی تھی جسے امسال بحال کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے امسال حجاج کی تعداد میں اضافہ ہو ا جس سے شہرمیں کارروباری سرگرمیاں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ امسال شہر میں سیاحتی بسوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے جسے مختلف ممالک سے آنے والے حجاج کرام نے بے حد پسند کیا ۔