ریاض ..... کوسٹ گارڈ نے بڑی مقدار میں چرس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ۔ یمنی اسمگلروں کو جازان کی سمندری حدود سے گرفتار کر لیا گیا جن کے قبضے سے 250 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ۔ سبق نیوز کو تفصیلات بتاتے ہوئے محکمہ کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے مزید کہا کہ کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے جازان سمندری حدود میں آنے والی ایک مشکوک کشتی کو روکنے کا اشارہ کیا مگر اسکے ملاح نے کشتی روکنے کے بجائے اسے مخالف سمت میں لے جانے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے اس کا تعاقب کر کے کشتی کو روک لیا جس میں یمنی سوار تھے ۔ کشتی کی تلاشی لینے پر اسکے خفیہ خانوں میں رکھی 250 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر ان افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا جنہیں وہ جازان میں چرس پہنچا تے تھے جن میں سعودی اور یمنی شامل ہیں ۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے ۔