Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جامعات اور اسپتالوں میں خواتین کےلئے کار پارکنگ کی تیاریاں

 ریاض ، تبوک ..... جامعات اور اسپتالوں میں خواتین کےلئے مخصوص پارکنگ قائم کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ المدینہ اخبار کے مطابق تبوک میں مکتب العمل کے ریجنل ڈائریکٹر محمد الحربی کے مطابق مملکت میں خواتین کی ڈرائیونگ سے متعلق شاہی احکامات وقت کے تقاضوں کے عین مطابق ہیں جن سے معاشرے کو کافی فائدہ ہو گا ۔ الحربی نے مزید کہا کہ ریجن میں قائم لیبر آفس کے باہر پارکنگ ایریا میں جگہ مخصوص کی جارہی ہے جہاں آنے والی خواتین کی گاڑیاں پارک کرنے کے لئے باقاعدہ پارکنگ لاٹ تعمیر کیا جائے گا تاکہ ادارے میں آنے والی خواتین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ دوسری جانب ریاض میں شاہ سعود یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بدر بن عبدالرحمان نے کہا کہ شاہی فرمان کے بعد یونیورسٹی میں طالبات اور خواتین عملے کےلئے کار پارکنگ کے خصوصی انتظامات کرنے کےلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے جو یونیورسٹی کے پارکنگ لاٹ میں طالبات کی گاڑیوں کےلئے پارکنگ کے انتظامات کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ ڈاکٹر بدر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں طالبات اور خواتین اہلکاروں کے لئے 4500 پارکنگ لاٹس قائم کرنے کےلئے منصوبہ مرتب کیا ہے جو ابتدائی طور پر ہو گا ۔ دوسری جانب طائف ریجن میں ادارہ امور صحت کے ترجمان عبدالھادی الربیعی کا کہنا ہے کہ خواتین کی ڈرائیونگ سے متعلق شاہی فرمان پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے اس ضمن میں ریجن میں قائم اسپتالوں کی پارکنگ لاٹس میں توسیع کر نے کےلئے جامع منصوبے تیار کئے جارہے ہیں تاکہ مقررہ مدت مکمل ہونے تک اسپتالوں کی پارکنگ کو وسیع کر دیاجاسکے جو اضافی گاڑیوں کے لئے کافی ہو ۔ الربیعی نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں پارکنگ کی توسیع کے حوالے سے قائم کمیٹیوں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ مقررہ منصوبے کے مطابق پارکنگ کو کشادہ کرنے اور خواتین ڈرائیوروں کےلئے جدا پارکنگ قائم کرنے کےلئے مختلف امکانات کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ پارکنگ کو وسیع کر نے اور خواتین کے لئے علیحدہ پارکنگ لاٹس تعمیر کرنے کے منصوبے پر ابتدائی طور پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جو مقررہ مدت تک مکمل ہو جائے گا ۔ 

شیئر: