مکہ مکرمہ .... امام و خطیب حرم مکی الشریف شیخ فیصل غزاوی سے برمی کمیونٹی کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور روہنگیامسلمانوں کی حالات زار پر تفصیلی گفتگو کی ۔ تفصیلات کے مطابق کمیونٹی میں روہنگیا علماءکونسل کے جنرل سیکریٹری مولانا حسین احمد ارشاد ، شیخ عبداللہ عمر ارکانی ، مولانا مزمل رہنما حفاظت اسلام بنگلہ دیش اور شیخ نور الاسلام سعیدی شامل تھے ۔ وفد کے ارکان نے امام حرم کو روہنگیامسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور مسلمانوں کی زبوں حالی بیان کرتے ہوئے اس مسئلہ کے حل کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات پر زوردیا گیا ۔ امام حرم نے روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم کو سنا اور اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔