لندن ..... مسکراہٹ قدرت کی ایک نعمت ہے جو پرخلوص ، نیک دل اور ملنسار قسم کے لوگوں کو ودیعت کی جاتی ہے تاہم اس کی افادیت کے مختلف پہلو آئے دن سامنے آرہے ہیں۔ انسانی رویے کے حوالے سے ہونے والی حالیہ تحقیق میں سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ مسکراہٹ انسان کی خوبصورتی اور کشش میں چار چاند لگاتی ہے۔ جن لوگوں کے خدوخال اور چہرے کے نقوش سے انکی بشاشت اور خوشدلی ظاہر ہوتی ہے وہ نسبتاً زیادہ اچھی صحت کے مالک ہوتے ہیں اور ان میں مثبت سوچ کا عنصر نمایاں طور پر رہتا ہے۔ ایسے لوگوںکو یقینی طور پر متوازن اور اچھی شخصیت کا مالک قرار دیا جاسکتا ہے۔ سائنسدانوں کاکہناہے کہ ایسے ہشاش بشاش چہرے کے مالکان اگر کوئی میک اپ نہ کریں اور بناﺅ سنگھار پر توجہ نہ دیں تب بھی انکی کشش برقرار رہتی ہے اور ایسے لوگوں کیلئے حسن میں چار چاند لگانے والی کریموں کی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔ مسکراتے چہرے زندگی میں بھی کامیاب دیکھے گئے ہیں۔ تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منہ لٹکائے ہوئے لوگوںکو کسی طرح بھی نہ تو پرکشش سمجھا جاسکتا ہے اور نہ ہی صحتمند۔ یہ لوگ کسی بات سے ناراض رہتے ہیں انہیں خود بھی اس کا اندازہ نہیں ہوتا اور اپنی ناواقفیت میں وہ دوسروں کیلئے غیر پرکشش اور بیکار محض رہ جاتے ہیں۔