Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حیدرآباد: بارش زدہ علاقوں سے پانی کی نکاسی شروع ، تعطیلات منسوخ

    حیدرآباد(ابوحمید) گزشتہ روزحیدرآبادمیں ہوئی طوفانی بارش سے عام زندگی درہم برہم نظرآئی تاہم منگل کو بھی کئی مقامات پر صورتحال میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ 3بجے شب سے صبح تک کوئی بارش نہیں ہوئی ۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں کوئی بادل نظر نہیں آرہے تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کے امکان کے پیش نظر بلدیہ کی جانب سے چوکسی اختیار کی جارہی ہے۔پیر کے دن ہوئی شدید بارش سے متاثرہ علاقوںسے بارش کے پانی کی نکاسی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ساتھ ہی جن سڑکوں اور علاقوںمیں درخت گر گئے ہیں ، ان کو ہٹانے اور ٹریفک کو بحال کرنے کا کام بھی کیا جارہا ہے۔ کئی علاقوں میں اپارٹمنٹس اور مکانات میں پانی کی نکاسی کا کام انجام دیا جارہا ہے۔ کئی مقامات پر پانی گھٹنوں تک جمع  ہوگیا تھا جس کی نکاسی کی جارہی ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ اسکولز تعطیل کے شیڈول پر عمل کریں ۔دوسری طرف عثمانیہ یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ خراب موسم کے سبب آج یونیورسٹی بند رہے گی ۔آج ہونے والے تمام امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ بارش کے سبب نامپلی کے راجک پورم میں ایک پرانی عمارت گر گئی جس کے نتیجہ میں2 خواتین زخمی ہوگئیں جن کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کردیاگیا ۔ ان کی شناخت پنماں ، تروپتماں کے طورپر کی گئی ہے۔ دوسری طرف روڈ نمبر10بنجاراہلز کے نائیڈ و نگردھوبی گھاٹ علاقہ میں دیوار گرنے کے سبب باپ اور بیٹا ہلاک ہوگئے ۔  گزشتہ شب ہوئی بارش کے سبب گچی باولی میںبڑے پیمانہ پر ٹریفک جام رہی ۔بائیو ڈائیورسٹی جانے والے راستے پر بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا جس سے دفاتر جانے والے افراد اور ضروری کاموںسے گھروں سے نکلنے والے افراد کو کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔مادھاپور علاقہ میںبھی ایسی ہی صورتحال دیکھی گئی ۔ بارش کا پانی نہرو زو پارک میں بھی داخل ہوگیا ۔زو کے سفاری پارک میں پانی کے داخل ہونے کے بعد سفاری پارک کو عوام کے لئے بند کردیا گیا ہے۔بارش کے پانی کے داخل ہونے سے زو دیکھنے آنے والوں کو کافی مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔زو حکام نے پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے ۔ ساتھ ہی بارش کا پانی ٹرین کی پٹریوں پر بھی آگیا جس کے سبب زو کی ٹرین بھی روک دی گئی۔

شیئر: