دبئی ٹیسٹ جیت کر امارات میں ریکارڈ بچا لیں گے، پاکستانی کپتان
دبئی: کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ابوظبی ٹیسٹ کے دوران جیتنے کی پوزیشن میں آ کر ہارے اور اس کے نتیجے میں تھوڑا دباو ہے لیکن کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ اپنا فطری کھیل کھیلیں اورفتح کے ارادے سے میدان میں اتریں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے اور امیدہے کہ یہی کھلاڑی دبئی ٹیسٹ جتوائیں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ انھیںابوظبی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہیے تھی لیکن اگر دوبارہ اس طرح کی صورتحال ہوئی تو وہ ضرور بیٹنگ آرڈر تبدیل کریں گے۔سرفراز کے مطابق رنگانا ہیرتھ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں جارحانہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ انھیں دباو¿ میں لایا جائے جیسا کہ پاکستانی ٹیم نے دو سال قبل سری لنکا میں کھیلی گئی سیریز میں ان کے خلاف منصوبہ بندی سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دبئی ٹیسٹ سری لنکن ٹیم کا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ ہے جس میں وہ گلابی گیند سے کھیل رہی ہے جبکہ پاکستان کا یہ تیسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ ہے۔ اس سے قبل اس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی اور آسٹریلیا کے خلاف برزبن میں گلابی گیند کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلے تھے۔ پاکستان کیلئے متحدہ عرب امارات کی ٹیسٹ سیریز میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ خطرے میں جو بچانے کی کوشش کریں گے ۔ پاکستان نے یو اے ای 5 ٹیسٹ سیریز جیتی ہیں جبکہ 4برابر ہوئی ہیں۔پاکستان نے یہ تمام 9 ٹیسٹ سیریز مصباح الحق کی قیادت میں کھیلی تھیں۔