کویت: حلقہ این اے120میں کامیابی پر مبارکباد
کویت:حلقہ این اے120کے انتخابات میں کلثوم نواز کی فتح پر کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لئے آئندہ مراحل میں بھی کامیابی کی دعا کی ،مسلم لیگ ن کے حامی بیگم کلثوم نواز کے جیتنے پر بہت خوش ہیں۔ انکا کہناتھا کہ عوام کی عدالت نے ان کے قائد محترم نواز شریف کو ہر امتحان میں سرخرو کیا ہے۔
کویت میں موجود صدر مسلم لیگ ن گلف ونگ رائے احسان کھرل نے کہا کہ ہم سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ الیکشن ہم ایک اچھی لیڈ سے جیتے ہیں اور ہم نے بہت سے مہروں کو شکست دی ہے،جس میں اسٹیبلشمنٹ اور وہ بیرونی طاقتیں جنہوں نے نواز شریف کو نکالا اور ایک اچھے مارجن سے عمران خان کے امیدوار کو شکست دی۔
صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کویت ملک اکرم گجر نے کہا کہ ہم میاں نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز کو الیکشن جیتنے پر دل کی اتہاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور محترمہ مریم نواز کو کامیاب انتخابی مہم چلانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ ن کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
چوہدری محمد شفیق سینیئر نائب صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ گلف اور سعود قمر چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کویت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی جیت مسلم لیگ ن کی قیادت اور کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ثابت کر دیا کہ ان کے دل مسلم لیگ ن اور قائد محترم محمد نواز شریف کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور نواز شریف لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں۔