فاؤنڈیشن کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں
جمعرات 12 اکتوبر 2017 3:00
فاؤنڈیشن کا درست انتخاب چہرے کو خوبصورت اور شگفتہ بناتا ہے جبکہ غلط انتخاب چہرے کو بد نما بنا دیتا ہے لہذا فاؤنڈیشن کا استعمال ہمیشہ اپنی اسکن کی مناسبت سے کریں ۔
پیلاہٹ مائل یا زرد رنگت رکھنے والی خواتین کو گلابی یا ہلکے اورنج شیڈ کے امتزاج والی فاؤنڈیشن استعمال کرنی چاہیے۔ اس رنگ کی فاؤنڈیشن لگانے سے انکے چہرے کی رنگت باقی جلد کی رنگت سے متضاد نہیں لگے گی۔ اسکے علاوہ پیلاہٹ مائل براؤن اور گلابی فاؤنڈیشن کو مکس کر کے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس سے چہرے پر قدرتی تازگی اور گلابی پن کا احساس پیدا ہو گا۔
گورے رنگ پر ہر طرح کا میک اپ ہو جاتا ہے لیکن اگر کندمی رنگت والی خواتین میک اپ کے معاملے میں سلیقے سے کام نہ لیں تو انکا چہرہ بد نما اور رنگ سیاہ نظر آنے لگتا ہے۔ گندمی رنگت والی خواتین کو چاہیے کہ فاؤنڈیشن خریدتے وقت اسے اپنے ہاتھ یا ماتھے پر لگا کر چیک کر لیں اور ایسی فاؤنڈیشن خریدیں جو انکی رنگت سے تھوڑی سی فیئر ہو۔
سرخی مائل رنگ پر ہر وقت سرخی چھائی رہتی ہے اور ناک کی نوک ، تھوڑی ، رخساروں اور ماتھے پر سرخ دھبے بھی نظر آتے ہیں۔ ایسی رنگت رکھنے والی خواتین کو چاہیے کہ پیلاہٹ مائل گلابی فاؤنڈیشن کا انتخاب کریں ۔ اس شیڈ کی بیس چہرے کی سرخی کو بھی چھپائے گی اور چہرہ قدرتی سرخی سے بھی محروم نہیں رہے گا۔
سیاہ رنگت والی خواتین کو ہلکے نارنجی شیڈ کی فاؤنڈیشن لینی چاہیے ۔ اس سے ان کے چہرے پر صحت مند تازگی کا تاثر ابھرے گا ۔ انہیں بیس کی مدد سے رنگ گورا کرنے کی کوشش بالکل نہیں کرنی چاہیے ،اس سے انکی رنگت مزید خراب لگنے لگتی ہے۔