جلد بازی میں ریفرنسز کو نمٹایا جارہا ہے،نواز شریف
جمعرات 19 اکتوبر 2017 3:00
اسلام آباد...سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کوئی جرم نہیں کیا ۔ الزامات بے بنیاد ہیں۔ نیب ریفرنسز میں فردجرم عائد کئے جانے پر نوازشریف نے اپنے نمائندے کے ذریعے بیان میں کہا کہ شفاف ٹرائل میرا حق ہے لیکن فیئر ٹرائل کے بنیادی حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ عدالت عجلت سے کام لے رہی ہے۔ جلد بازی میں ریفرنسز کو نمٹایا جارہا ہے۔6 ماہ میں 3 ریفرنس نمٹانے کی ہدایت کی گئی۔ مانیٹرنگ جج خاص طور پر اس کیس میں تعینات کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئین میرے بنیادی حقوق کی حفاظت کرتا ہے ۔واضح رہے کہ لندن فلیٹس میں احتساب عدالت نے نوازشریف،مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر پر فردجرم عائد کی ہے۔ نوازشریف کی بیرون ملک موجودگی کے باعث ان کے نمائندے کو چارج شیٹ پڑھ کرسنائی گئی ۔