کیپ کینورل ، کیلیفورنیا .... امریکہ نے گزشتہ کئی ہفتوں سے راکٹ سائنس کے شعبے میں جو نئی پیشرفت کی ہے اس سلسلے میں تجربات کی غرض سے جدید ترین خفیہ سیٹلائٹس داغے جارہے ہیں اور اطلاعات کے مطابق اس جاسوس سیٹلائٹ کو اٹلس فائیو راکٹ کے ذریعے داغا گیا ہے۔ اسے کیپ کینورل ایئرفورس اسٹیشن سے داغا گیا ہے اور اب تک حکام یہ نہیں بتا رہے کہ انکا بھیجا جانے والا یہ نیا سیٹلائٹ جو تین ہفتوں میں داغا جانے والا تیسرا سیٹلائٹ ہے مدار میں کب پہنچے گا اور کیا کام کریگا؟ کیونکہ یہ راکٹ ایک خفیہ مشن کے تحت داغے جارہے ہیں اس لئے یقین کے ساتھ اس حوالے سے کچھ کہنا مشکل ہے کہ اس کے مقاصد اور نوعیت کیا ہے۔ مگر کئی سائنسدانوں کا خیال ہے کہ اس میں ایسے سنسرز ہیں جس کی مدد سے وہ مخالفین اور دشمنوں کی تمام حرکات پر نظر رکھ سکے گا۔ سیٹلائٹ داغنے کے نئے سلسلے کو امریکی دفاعی نظام میں انتہائی اہم مقام حاصل ہوگا۔