نئی دہلی.... ڈیجیٹل انڈیا کے خواب کو پورا کرنا مودی حکومت کیلئے اولین کام بنا ہوا ہے۔ گاﺅں یا دیہی علاقوں تک انٹرنیٹ پہنچانے کیلئے محکمہ ٹیلی مواصلات ایک ہفتے کے اندر وائی فائی کےلئے ٹینڈر جاری کرنےوالا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 2019ءتک تمام گاﺅں پنچایتوں تک وائی فائی سروس کیلئے ٹینڈر جاری کیا جائے گا جس پر 3700کروڑ روپے کی لاگت آنے کا امکان ہے۔ اس منصوبے کے تحت حکومت سال کے آخر تک ایک لاکھ گاﺅں پنچایتوں میں ایک GBPSکی اسپیڈ سے براڈ بینڈ سروس شروع کرنا چاہتی ہے۔ اپنی پہچان ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ٹیلی مواصلات محکمے کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ اس ہفتے ٹینڈر سے وابستہ تمام معلومات مکمل کر لی جائیں گی اور پھر فوراً ہی ٹینڈر جاری کر دیا جائےگا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ گاﺅں پنچایتوں کو وائی فائی سروس شروع کرنے کے بعد 2019ءکے آخر تک باقی پنچایتوں میں بھی انٹرنیٹ سروس پہنچا دی جائے گی۔