اداکاری کو اپنا کریئر بنانے کا نہیں سوچا، زائرہ وسیم
بالی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم اس وقت اپنے آپ کوکل وقتی اداکارہ تصور نہیں کرتیں۔زائرہ وسیم کو ان کی ڈبیو فلم ’دنگل‘ اور اب دوسری فلم ’سیکرٹ س±پر اسٹار‘ دونوں کے لئے ہی تجزیہ کاروں کا مثبت ردعمل ملا، اس کے باوجود انہوں نے اداکاری کو اپنا کریئر بنانے کے حوالے سے اب تک نہیں سوچا ۔ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق کشمیر میں پیدا ہونے والی زائرہ وسیم کا کہنا ہے کہ وہ بالی وڈ فلمیں دیکھتے ہوئے بڑی نہیں ہوئیں اور نہ ہی وہ اداکارہ بننے کی خواہشمند تھیں۔16 سالہ زائرہ نے کہاکہ مجھے ابھی تک معلوم نہیں کہ میں اپنے مستقبل میں ایک فل ٹائم اداکارہ بنوں گی یا نہیں، لیکن جب بھی میں اداکاری کرتی ہوں، میں کوشش کرتی ہوں کہ اپنا بہترین کام کروں۔میری دونوں فلموں کی کہانی نہایت بہترین تھی۔اپنی فلم ’دنگل‘ کی آڈیشن کو یاد کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایاکہ میں یہ سوچ کر بالکل نہیں گئی تھی کہ مجھے منتخب کرلیا جائے گاتاہم میں خوش قسمت تھی کہ مجھے منتخب کرلیا گیا، پھر عامر خان کے ساتھ دو مرتبہ کام کیا۔ یقیناً میں خوش نصیب ہوں۔عامر خان نے ’دنگل‘ اور ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ دونوں ہی فلموں میں اہم کردار ادا کیا۔ زائرہ کے مطابق عامر خان نے ہمیشہ یہی کوشش کی کہ ان کے کام کی وجہ سے میرا کام چھپ نہ جائے۔انہوں نے کہا کہ سب نے میرے کام کی تعریف کی اور مجھے بے حد پیار دیا ہے۔