Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گجرات:پٹیل لیڈر نریندر کو خریدنے کی کوشش،نکھل نے بھی بی جے پی چھوڑ دی

 
احمدآباد۔۔گجرات میں  اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں  کانگریس نے سخت مہم  شروع کررکھی ہے جس کے نتیجے میں بی جے پی  کی شکست کے  امکانات پیدا کرسکتے ہیں۔ پیر کو  ریاستی بی جے پی کو اس وقت  ایک  اور  زوردار جھٹکا لگا جب  پٹیل برادری  کی تحریک  چلانے والے  ہاردک پٹیل کے  قریبی ساتھی  نریندر پٹیل نے  بی جے پی پر  اسے  رشوت دینے کا الزام لگایا۔  یہی نہیں بلکہ  کچھ دن قبل بی جے پی میں شامل  ہونے والے  برادری کے دوسرے لیڈر  نکھل سوانی  نے بھی  پیر کو  بی جے پی  چھوڑ دی جبکہ  پیر کو ہی  کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی  کے  گجرات پہنچنے پر  ایک اور  معروف لیڈر  نے  کانگریس میں  شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔  نریندر پٹیل کا دعویٰ تھا کہ بی جے پی نے انہیں  خریدنے کیلئے ایک کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی تھی۔  انہوں نے  پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو  وہ  دس لاکھ  روپے  کے کرنسی نوٹ بھی دکھائے جو مبینہ طور پر بی جے پی کے سینیئر لیڈر  ورون پٹیل نے  انہیں زرپیشگی کے طور پر  دیئے تھے۔  حالانکہ بی جے پی نے نریندر پٹیل کے الزامات کو خارج کردیا ہے۔  نکھل سوانی  کچھ دن پہلے ہی  بی جے پی میں شامل ہوئے تھے ۔ پٹی دار تحریک  میں  وہ  ہاردک پٹیل کے انتہائی قریبی  ساتھیوں میں شمار ہوتے  تھے اور انہیں ریزرویشن کمیٹی کا سورت میں کنوینر بھی بنا رکھا تھا۔ سوانی نے  نریندر پٹیل کے الزامات کو درست قرار دیا۔  انہوں نے بی جے پی پر  پٹیل برادری کے ساتھ  دھوکہ دیہی کا الزام بھی لگایا۔  انہوں نے کہا  کہ میں جس امید کے ساتھ  بی جے پی میں شامل ہوا تھا وہ پوری نہیں ہوئی ، بی جے پی  پیسے کے دم پر پٹیل برادری کو توڑنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  بی جے پی کو صرف  الیکشن کے موقع پر ہی  پٹی دار وں  کی یاد آتی ہے۔  انہوں نے یہ بھی  کہا کہ وہ کانگریس کے  نائب صدر راہل گاندھی سے بھی  ملاقات کریں گے۔  نریندر پٹیل کے مطابق  بی جے پی لیڈر ورون پٹیل انہیں گاندھی نگر لے گیا جہاں  بی جے پی کے دفتر میں  اس نے  ریاستی بی جے پی کے صدر  جیتو بھائی  وگھانی اور  ریاستی وزراء سے ملاقات کرائی۔  بعدازاں  اسے ایک کمرے میںلے جایا گیا جہاں  بطور  ٹوکن 10 لاکھ روپے دیئے گئے اور وعدہ کیا کہ اگلے دن بی جے پی کے ایک پروگرام میں شامل ہونے پر اسے مزید 90 لاکھ روپے ادا کردیئے جائیں گے۔  نریندر پٹیل کے ان الزامات  کی تحقیقات کرانے کا  کانگریس نے مطالبہ کردیا ہے۔  کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے پیر کو ایک  پریس کانفرنس میں  بی جے پی ، وزیراعظم نریندر مودی اور امیت شاہ پر  شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی شکست کے خوف سے یہ سب کچھ کررہی ہے۔  گجرات میں بی جے پی کیخلاف عوام نے بغاوت کردی ہے اور  نریندر  پٹیل نے جو الزامات لگائے ہیں  اس کی  کسی جج کے ذریعے جانچ  کرائی جانی چاہیئے۔
 
 

شیئر: