کراچی... تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی وکٹ اڑانے کیلئے خاص سوئنگ سیکھ لی۔ اب ان کی وکٹ گرنے میں زیادہ دیر نہیں۔مجھے مڈل اسٹمپ صاف نظر آرہی ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ عائشہ گلالئی کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے۔ اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ گلالئی نے خود پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا اور اصولوں کی خلاف ورزی کی ۔عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان نے جتنا ڈومور کرنا تھا کرلیا۔ امر یکہ کی جنگ میں پاکستان نے جتنی قربانی دی اتنا تو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ ڈو مور کرتے کرتے اپنے ہی قبائلی علاقوں کو اجاڑ لیا اور انتہا پسندی بھی بڑھ گئی۔انہوں نے کہاکہ شرجیل میمن کے خلاف کارروائی خوش آئند ہے۔عمران خان نے کہا کہ حکومت عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں کو سزا دینے کی بجائے ان کی حفاظت کرتی ہے، پچھلے چیئرمین نیب بڑے مجرموں کو بچانے کے لئے آئے تھے لیکن اب قوم چیئرمین نیب کی طرف دیکھ رہی ہے۔انہوں نے بہت اچھا قدم اٹھایا۔ نیب نے ملتان میٹرو بس کا کیس بھی کھول دیا جس میں شہبازشریف ملوث ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوتا تو آج سندھ کا یہ حال نہ ہوتا۔