شمالی کوریا کو ایٹمی ملک تسلیم نہیں کرتے، امریکہ
سیئول۔۔۔ امریکی وزیردفاع جیمز میٹس کا کہنا ہے کہ ہم شمالی کوریا کو جوہری ملک تسلیم نہیں کرتے اور پیانگ یانگ میزائل پروگرام سے محفوظ نہیں ہوسکتا۔ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سئیول کے دورے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ ہم شمالی کوریا کے ساتھ تنازعات کو حل کرنے اور کشیدگی کم کرنے کیلئے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، یہ پیانگ یانگ کیلئے نادر موقع ہے کیونکہ ہمارے سفارتکاروں کو عسکری قیادت کی حمایت بھی حاصل ہے۔امریکی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ اگر شمالی کوریا نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں پر حملے کی کوشش کی تو اس کیلئے بہتر نہیں ہوگا۔ جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر امریکہ کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ جوہری اور میزائل پروگرام شمالی کوریا کو محفوظ نہیں بنا سکتے اور امریکہ کبھی بھی پیانگ یانگ کو جوہری ملک تسلیم نہیں کرے گا۔