رباط۔۔۔مکہ مکرمہ پر حوثیوں کی جانب سے میزائل داغنے کے واقعہ پر پوری مسلم دنیا میںشدید ردعمل کاسلسلہ جاری ہے۔ عرب وزرائے داخلہ نے واضح کیا کہ حوثیوں نے مکہ مکرمہ کی طرف میزائل داغ کر ثابت کردیا کہ وہ دہشتگرد گروہ ہیں۔ان لوگوں نے اپنی خارجی وابستگیاں اور اپنی حقیقی شکل بھی پوری دنیا کو دکھا دی۔ مسلم ممالک اور مسلم علاقوں کی جامع مساجد میں جمعہ کے خطبات کے دوران حوثیوں کے گھناؤنے جرم کی مذمت کی گئی۔ اسلامی تنظیم برائے تربیت و سائنس و ثقافت (ایسسکو) نے یمن کے علاقے صعدہ سے مکہ مکرمہ پر میزائل داغنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ایسسکو نے حوثیوں کے حملے کو گھناؤنے جرم سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ان کے عقائدکے فساد کا واضح ثبوت ہے۔ اس حملے نے ان کے حقیقی عزائم منکشف کردیئے ۔ ایسسکو نے تمام مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جرم کی مذمت کریں اور یمن کو اس گمراہ باغی گروہ سے نجات دلانے اور ان کے پشت پناہوں کوعبرتناک سبق سکھانے کا اہتمام کریں۔ہانگ کانگ کے مفتی شیخ محمد ارشدنے کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع ہر مسلمان پر شرعاً فرض ہے اور یہ ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثی بد ترین دہشتگردی کررہے ہیں ۔مکہ مکرمہ کو میزائل کا ہدف بنانا انتہائی بھیانک جرم ہے۔ اس پر خاموش نہیں رہا جاسکتا،اس کے خلاف کارروائی نہ کرنا تمام مسلمانوں کیلئے باعث ننگ و عار ہے۔ اسلامی یورپی کانفرنس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بشاری نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ قتل و غارتگری مچانے والے حوثیوں کی مذمت کریں، ان کی پشت پناہی کرنے والوں کیخلاف بھی رد عمل ظاہر کرے، اور دہشتگردی کے جرم پر سزادینے کا اہتمام کرے۔ اسلامی یورپی کانفرنس کے تحت 28یورپی ممالک کے سیکڑوں ادارے آتے ہیں ۔ان سب نے دین اسلام اور اس کے پیروکاروں کے پاسدار ملک سعودی عرب اور اس کے قائدین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔