فیض ابو طیب کی جانب سے استاد حامد علی خان کے اعزاز میں عشائیہ
ریاض : معروف پاکستانی بزنس مین فیض ابوطیب کی جانب سے ممتاز گلوکار استاد حامد علی خان اوران کے فرزند نایاب علی خان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر مسلم لیگی رہنما ڈاکٹر سعید احمد وینس کا کہنا تھا کہ حامد علی خان کنگ فہد کلچرل سینٹرمیں لائیو پرفارمنس کے دوران لوگوں کے دل جیت لئے ہیں۔ ان کی گائیکی نے ایک ایسا سحر طاری رکھا جو تقریب کے اختتام تک جاری رہا۔
فیض ابوطیب کا کہنا تھا کہ وہ سفارت خانہ پاکستان کے تہہ دل سے مشکور ہیں جھنوں نے کمیونٹی کےلئے اتنا شاندار پروگرام منعقد کروایا ۔ اس میں سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق،ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف اور دیگر افسران کی دن رات کی محنت کو جتنا سراہا جاے کم ہے جبکہ کمیونٹی کی جانب سے جس نظم وضبط کا مظاہرہ کیا گیا وہ بھی یقینی طور پر ہمیشہ یاد رکھا جاے گا۔پاکستانیوں نے کنسرٹ کے دوران ثابت کردیا کہ وہ ایک زندہ دل قوم ہیں اور اپنے ملک سے بے پناہ پیار کرتی ہے اور اپنے ملک سے آنے والے مہمانوں کو دل وجان سے خوش آمدید کہتی ہے۔
استاد حامد علی خان نے مسرت کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ سفیر پاکستان کی دعوت پر میں یہاں آیا ہوں اور مجھے جس طرح یہاں پیار ملا ہے اس کو کبھی بھلا نہیں پاؤں گا، سعودی عرب میں مقیم ہر پاکستانی جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے۔