بیویوں کو کوئی خوش نہیں رکھ سکتا، سرفرازاحمد کا شکوہ
لاہور:قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز میں فتح کا کریڈٹ نوجوان کھلاڑیوں دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل یہ ٹیم بیرون ملک بھی فتوحات دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ہمیں پوری امید ہے ہم کارکردگی کا تسلسل متحدہ عرب امارات کے بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا دیگر ممالک میں بھی قائم رکھیں گے۔ رمیز راجہ کی جانب سے پوچھے گئے چند دلچسپ سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ ان کی بیوی ان سے ہمیشہ نالاں رہتی ہیں اور بیویوں کو کوئی خوش نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ میری بیگم مجھ سے ہمیشہ وقت نہ دینے کی شکایت کرتی ہیں۔ہمیشہ ایک ہی بات کرتی ہیں کہ آپ مجھے وقت نہیں دیتے، ارے بھئی کہاں سے وقت دیں، ایک دن کے وقفے کے بعد میچ ہوتا ہے جس میں ٹریننگ بھی کرنی ہوتی ہے۔اس موقع پر وقار یونس نے سرفراز کو ازراہ مذاق ٹوکا کہ سرفراز بس بس، بہت ہو گیا، تمہیں گھر بھی جانا ہے۔اپنے بیٹے کا ذکر کرتے ہوئے سرفراز نے بتایا کہ عبداللہ نام اپنی اور امی کی پسند سے رکھا اور اب عبداللہ کے بغیر دل نہیں لگتا اس لئے کوشش ہوتی ہے کہ دورے پر ساتھ رکھوں۔