ٹیکنو کریٹ ملک کی خدمت نہیں کر سکتے،خورشید شاہ
اسلام آباد...قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عوام کے سامنے یہ سوال ہے کہ معین قریشی اور شوکت عزیز کون تھے، کہاں سے آئے اور کہاں چلے گئے۔ انہوں نے ملک و قوم کی کیا خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنو کریٹ ملک کی کوئی خدمت نہیں کر سکتے۔ اگر ایسا ہوتا تو پھر یورپ اور امریکہ میں ڈیموکریسی کی بجائے ٹیکنوکریسی کا راج ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جو اقدامات اَئین اور قانون کے دائرے میں ہوتے ہیں وہ سب کیلئے قابل قبول ہوتے ہیں۔ دھونس، دھاندلی اور جانبداری پر مبنی فیصلے ملک اور عوام کیلئے شدید نقصان کا باعث بنتے ہیں۔ اپنے بیان انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکشن2018 اپنے وقت کے مطابق ہوں گے۔یہ آئین اور قانون کا تقاضا ہے۔ آئین سے انحراف کرنے والے اپنا انجام دیکھ چکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جنگیں آمریت کے ادوار میں ہوئیں ۔ ان جنگوں کے نتیجے میں شدید نقصانات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں نیب کی کارکردگی کو سپریم کورٹ نے بدترین قرار دیا۔ اب یہ موجودہ چیئرمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ منصفانہ اقدامات کے ذریعے نیب کے جانبدارانہ تاثر کو ختم کریں اور ثابت کریں کہ نیب کے قوانین سب کیلئے ایک ہیں۔