اسلام آباد.. پاکستان نے لندن میں مخالفانہ مہم پر برطانیہ سے شدید احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے جمعہ کو اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر کو طلب کرکے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔دفتر خارجہ نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے لندن میں ٹیکسی سروس پر پاکستان مخالف نعرے آویزاں کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے اسے پاکستان کی داخلی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ قرار دیا۔انہوںنے کہا کہ بلوچستان سے متعلق پروپیگنڈہ مہم پر شدید تحفظات ہیں۔ اشتہارات اور اس میں بدنیتی پر مبنی مواد پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف ورزی ہیں۔ایک دوست ملک کی سرزمین کو پاکستان مخالف بدنیتی پر مبنی مہم کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق پاکستان اس مہم کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔